بنگلور 9 اگست (ایس او نیوز) ر یاستی حکومت نے ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج کا پیر کو اعلان کیا ہے اور پرائمری و سیکنڈری وزیر تعلیم بی سی ناگیش کے مطابق 99.9 فیصد طلباء نے میٹرک کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ امسال ریاست کرناٹک میں کووڈ کے چلتے دو دنوں کے اندر میٹرک کے امتحانات کو سمیٹا گیا تھا ۔
بتایا گیا ہے کہ تقریبا ً 8 لاکھ طلباء نے امتحانات کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کرایا تھا جبکہ عہدیداروں کے مطابق ایس ایس ایل سی بورڈ کی تاریخ میں اس بار کا پاس ہونے کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق مجموعی طور پر 1،28،931 طلباء نے A+ گریڈ حاصل کیا ، اس کے بعد 2،50،317 طلباء نے A گریڈ حاصل کیا جبکہ 2،87،694 طلباء نے B گریڈ حاصل کیا۔
اسی طرح 1،13،610 طلباء نے C گریڈ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ کل 157 طلباء نے 625 میں سے 625 نمبر حاصل کیے ہیں۔
وزیر تعلیم کے مطابق 8 لاکھ طلباء میں سے صرف ایک طالبہ فیل ہوئی ہے کیونکہ وہ امتحان میں غیر حاضر تھی۔ مزید برآں ، تقریبا فی صد طلباء جنہوں نے 'سی' گریڈ حاصل کیا ، کو گریس مارکس دیئے گئے اور اگلی کلاس میں ترقی دی گئی۔